لاہور (بیورو رپورٹ)فوکل پرسن وزیراعلیٰ پنجاب برائے انسداد پولیو عظمیٰ کاردار نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجہ اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں مریضوں سے براہِ راست آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا ، دورے کے دوران فوکل پرسن نے ہسپتال کی ایمرجنسی اور فارمیسی کا تفصیلی معائنہ کیا اور ادویات کی دستیابی و ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ کاردار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے صحت مند پنجاب وژن کے تحت عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور ادویات کی بروقت دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے کڑی مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی مجموعی کارکردگی کو حوصلہ افزا قرار دیا۔
بعد ازاں فوکل پرسن عظمیٰ کاردار نے ضلع بھکر کا دورہ کیا جہاں ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ضلع بھر میں جاری چار روزہ انسداد پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبد القدیر، چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ، امن کمیٹی کے ممبران، میڈیا نمائندگان اور محکمہ صحت کے افسران موجود تھے ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھکر میں پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر 1500 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 1373 موبائل، 50 ٹرانزٹ اور 77 فکسڈ ٹیمیں شامل ہیں۔ سی ای او صحت نے مہم کی دو روزہ کارکردگی اور یومیہ اہداف سے آگاہ کیا فوکل پرسن عظمیٰ کاردار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا شعبہ صحت پر خصوصی فوکس ہے اور پولیو کے خاتمے کی یہ قومی مہم ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس میں ہر فرد کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

