وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ڈیفنس سیکریٹری لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کی ملاقات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ڈیفنس سیکریٹری لیفٹیننٹ جنرل محمد علی نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکریٹری پاور ڈویژن ڈاکٹر فخر عالم عرفان اور ڈائریکٹر جنرل این ایل سی میجر جنرل فرخ شہزاد راؤ بھی شریک تھے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ پاکستان ریلوے کی تاریخ میں پہلی بار اس رفتار، جدت اور مربوط حکمتِ عملی کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے، اور یہ تمام اصلاحاتی و ترقیاتی اقدامات وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت کیے جا رہے ہیں وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ پاکستان کا پہلا سیف اینڈ اسمارٹ ریلوے اسٹیشن راولپنڈی میں قائم کیا گیا ہے، جہاں آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی 24/7 مانیٹرنگ سسٹم فعال ہے اور 184 جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جس سے سیکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنایا گیا ہے۔

وزیر ریلوے نے بتایا کہ ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو فروغ دیتے ہوئے ریل ٹیگ متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے ٹرینوں اور رولنگ اسٹاک کی ریئل ٹائم ٹریکنگ ممکن بنائی جا رہی ہے، جس سے آپریشنل شفافیت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی وفاقی وزیر ریلوے نے مزید آگاہ کیا کہ کراچی میں weigh bridge کا افتتاح کیا گیا ہے، جس کے ذریعے اوورلوڈنگ کے مسئلے پر قابو پایا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف پاکستان ریلوے کے ریونیو میں اضافہ ہوگا بلکہ ریلوے ٹریکس کی حفاظت اور ٹرین آپریشنز کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے کے بڑے اور اہم اسٹیشنز پر مفت وائی فائی سہولت کے ذریعے تقریباً 70 فیصد فٹ فال کو کور کر لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کیش لیس ٹرانزیکشن کو فروغ دینے کے لیے مختلف ریلوے اسٹیشنز پر اے ٹی ایم مشینیں بھی نصب کی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے مسافروں کی سہولت کے حوالے سے بتایا کہ متعدد ریلوے اسٹیشنز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، ٹرینوں میں بہتری لائی گئی ہے، جبکہ مسافروں کے آرام و سہولت کے لیے سی آئی پی لاؤنجز قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مسافر سہولیات میں مزید بہتری کے لیے کئی دیگر اقدامات بھی عمل میں لائے گئے ہیں وزیر ریلوے نے آگاہ کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے ساتھ ML-1 منصوبے کا معاہدہ طے پا چکا ہے، جسے جلد مکمل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ منصوبہ پاکستان ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا ڈیفنس سیکریٹری لیفٹیننٹ جنرل محمد علی اور دیگر اعلیٰ حکام نے وفاقی وزیر ریلوے کی جانب سے کیے گئے اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان ریلوے کی مجموعی بہتری کے لیے ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ اعلیٰ حکام نے وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے وژن، قیادت اور اصلاحاتی ایجنڈے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ملاقات کے اختتام پر ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں باہمی روابط و اشتراک کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا تاکہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق قومی ترقی اور عوامی مفاد کے اہداف کو مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکے