ملک میں شدید دھند کی وارننگ، ٹریفک میں ممکنہ مشکلات کے خدشات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) نے ملک کے مختلف علاقوں میں سموگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق پنجاب کے لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں دھند میں شدید اضافہ متوقع ہے۔

راولپنڈی، اسلام آباد، خیبر پختونخواہ کے مختلف اضلاع اور سندھ کے بالائی علاقوں میں بھی دھند میں اضافہ کی توقع ہے۔ 20 دسمبر تک رات اور صبح کے اوقات میں حد نگاہ کم ہونے کے امکانات ہیں جس سے ٹریفک حادثات کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے ڈرائیور حضرات کو مشورہ دیا ہے کہ شدید دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ اس کے علاوہ، تمام متعلقہ اداروں کو دھند کے اثرات سے نمٹنے کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔