اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے فلسطین کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔ یہ 27ویں امدادی کھیپ ہے جس میں مجموعی طور پر 100 ٹن سامان شامل ہے، جو الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے بھیجی گئی ہے امدادی سامان خصوصی پرواز کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے روانہ کیا گیا۔ روانہ کیے گئے سامان میں کمبل، ترپال، کپڑے اور خواتین کے لیے ضروری کٹس شامل ہیں۔ اب تک 27 امدادی کھیپوں کے ذریعے بھیجی گئی کل امداد کا وزن 2,627 ٹن تک پہنچ چکا ہے۔

سیدھی روانگی تقریب میں مہمانِ خصوصی وزیرِ خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن اور وزیرِ ہاؤسنگ پنجاب میاں بلال یاسین تھے۔ تقریب میں این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ کے افسران کے علاوہ حکومتی نمائندگان اور الخدمت فاؤنڈیشن کے عہدیداران بھی موجود تھے حکومت پاکستان اور عوام اس مشکل وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔


