پشاور(بیورو رپورٹ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعرات کے روز عالمی یومِ کسان کے موقع پر پاکستان کے محنتی کسانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کسان ملکی معیشت، غذائی خودکفالت اور دیہی ترقی کی مضبوط بنیاد ہیں ، گورنر ہائوس کے ترجمان کے مطابق فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ زراعت کروڑوں پاکستانی خاندانوں کے روزگار کا ذریعہ اور قومی ترقی کا اہم ستون ہے۔ کسان نہ صرف ملک کی غذائی ضروریات پوری کرتے ہیں بلکہ قومی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو پانی کی کمی، موسمیاتی تبدیلیاں اور زرعی لاگت میں اضافے جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، جن کا مقابلہ کرنے کے لیے مربوط اور دیرپا پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کسانوں کی فلاح، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور منڈیوں تک رسائی کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا ، گورنر نے بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک خاتون کا نقاب زبردستی کھینچنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق، شخصی آزادی اور اظہار رائے پر حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نقاب کسی بھی خاتون کا ذاتی اور مذہبی حق ہے اور اسے زبردستی چھیننا بین الاقوامی انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کی خلاف ورزی ہے ، فیصل کریم کنڈی نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموشی توڑیں۔ پاکستان ہر فورم پر انسانی وقار، مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

