سرگودھا مائیگرنٹ سمگلنگ اور ویزا فراڈ کے تین ملزمان ایف آئی اے کی کارروائی میں گرفتار

سرگودھا (بیورو رپورٹ)فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی فیصل آباد زون کی جانب سے مائیگرنٹ سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث نیٹ ورک چلانے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ فیڈرل انوسٹی گیشن اتھارٹی نے مائیگرنٹ سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتارکر لیا ۔ ترجمان ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد اور سرگودھا نے ویزا فراڈ اور مائیگرنٹ سمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان کو کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان میں سہیل، محمد احسن اور محمد رمضان شامل ہیں۔ تینوں ملزمان کو فیصل آباد اور سرگودھا کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سہیل نے شہری کو اسپین بھجوانےکاجھانسہ دے کر 20 لاکھ روپے ہتھیائے اسی طرح ملزم محمد احسن اور محمد رمضان نے ایک شہری کو قطر ملازمت کا جھانسہ دے کر 12 لاکھ روپے ہتھیا لیے جبکہ تینوں ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے۔ تینوں ملزمان سہیل ،احسن اور رمضان شہریوں سے بھاری رقوم وصول کر کے اور جھانسہ دیتے ہوئے روپوش ہو گئے تھے۔ ایف آئی اے کی ٹیموں نے جدید اور روایتی حکمت عملی کے تحت تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور ان سے مزید انکشافات کی توقع ہے ۔