وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن پر تبادلۂ خیال

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تہران کے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت اور ایرانی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا ، وزیراعظم نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک دیانتدار اور مخلص ثالث و سہولت کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے ، ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے اسلام آباد میں پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ایرانی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ، اسکندر مومنی نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل وفد کے ہمراہ پاکستان آئے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی۔