گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے چینی، امریکی، کھیلوں اور بنک اسلامی کے وفود کی ملاقاتیں

پشاور (بیورو رپورٹ )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چین، امریکہ، کھیلوں کے وفاقوں اور بنک اسلامی کے اعلیٰ سطحی وفود سے ملاقاتیں کیں، جن میں سرمایہ کاری، دوطرفہ تعلقات، کھیلوں کے فروغ اور جدید بینکاری کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا چائنا سول انجینئرنگ کنسٹرکشن کارپوریشن (CCECC) کے وفد نے خیبرپختونخوا میں معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے منصوبے پیش کیے۔ چینی وفد نے صوبے میں معدنی وسائل کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا اور جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے ذریعے معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ گورنر کنڈی نے سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہا اور مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

امریکہ کے اوہائیو ریاست کے گروو پورٹ سٹی کونسل کے رکن عبداللہ برسا نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار اور پاک-امریکہ تعلقات پر بات کی۔ گورنر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سفیر قرار دیتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا پاکستان بال اینڈ ڈیک ہاکی فیڈریشن کے وفد نے گورنر کو جاری سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ گورنر نے کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے فیڈریشن کی کوششوں کو سراہا اور قومی چیمپئن شپ میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ، بنک اسلامی کے وفد نے کیش لیس بینکاری اور جدید مالی خدمات پر روشنی ڈالی۔ گورنر کنڈی نے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ کیش لیس بینکاری شفافیت بڑھانے اور طلبہ و نوجوانوں کے لیے سہولت فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے.