او جی ڈی سی نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں نشپا بلاک سے تیل و گیس کی بڑی دریافت کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) قوم کے لیے نئے سال کا تحفہ! آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں واقع ایکسپلوریٹری کنویں براگزئی ایکس-1 (سلانٹ) میں ڈٹہ فارمیشن سے تیل و گیس کی اہم دریافت کا اعلان کیا ہے براگزئی ایکس-1 کنویں سے یومیہ 4100 بیرل خام تیل جبکہ 10.5 ملین مکعب کیوبک سٹینڈرڈ فٹ گیس کی پیدوار حاصل ہوئی ہے۔ نشپا بلاک میں مذکورہ کنویں میں او جی ڈی سی بطور آپریٹر 65 فیصد، جبکہ پی پی ایل اور گورنمنٹ ہولڈنگز بالترتیب 30 اور 5 فیصد کے حصہ دار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ دریافت نشپا بلاک میں او جی ڈی سی کی مسلسل اور مؤثر ایکسپلوریشن حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔ براگزئی ایکس-1 (سلانٹ) کنواں کی کھدائی 30دسمبر 2024 کوشروع کی گئی اور کنگریالی فارمیشن تک 5,170 میٹر کی مجموعی گہرائی تک ڈرل کیا گیا۔ اوپن ہول وائر لائن لاگ ڈیٹا کی تکنیکی بنیاد پر ڈٹہ فارمیشن میں کیسڈ ہول ڈرل اسٹیم ٹیسٹ (DST-02) کیا گیا۔ ٹیسٹ کے دوران 3,880 پاؤنڈ فی مربع انچ بہاؤ کے دباؤ اور 32/64 انچ چوک کے ذریعے مزکورہ کنویں سے 4,100 بیرل یومیہ تیل اور 10.5 ملین اسٹیڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ گیس کی پیداوار حاصل ہو رہی ہے۔

نئی دریافت ملک میں مقامی سطح پر دستیاب توانائی کے وسائل میں اضافہ کرتے ہوئے قومی توانائی کے طلب و رسد کے فرق کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ ساتھ ہی او جی ڈی سی کے ہائیڈروکاربن ذخائرکو مزید مضبوط بناتے ہوئے پاکستان کے انرجی سیکیورٹی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگی۔ او جی ڈی سی ملک میں تیل و گیس کے مزید ذخائر تلاش کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھتے ہوئے پاکستان کو مضبوط معیشت اور قابلِ اعتماد توانائی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔