غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم گرفتار، 16 ہزار امریکی ڈالر برآمد

کراچی ( بیورو رپورٹ)ایف آئی اے کراچی زون نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر کمرشل بینکنگ سرکل کراچی کی ٹیم نے پی ای سی ایچ ایس کراچی سے ملزم محمد کونین کو گرفتار کیا حکام کے مطابق گرفتار ملزم غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث تھا اور اس کے قبضے سے 16,000 امریکی ڈالر برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ موبائل فون اور دیگر شواہد بھی ضبط کیے گئے جو غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم کے پاس کرنسی ایکسچینج کا کوئی قانونی لائسنس نہیں تھا اور برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے وہ حکام کو مطمئن نہیں کر سکا۔ گرفتار ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ایف آئی اے حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث افراد کی اطلاع دیں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔