اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان ریلوے میں چوری اور قومی اثاثوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت ریلوے پولیس کراچی ڈویژن نے لانڈھی کے علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ریلوے کی قیمتی پٹریاں اور دیگر سامان چوری کرنے والے گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا،ریلوے پولیس کے مطابق کارروائی تھانہ ریلوے پولیس لانڈھی کی حدود میں مرتضیٰ چورنگی، ملیر ندی کے قریب عمل میں لائی گئی، جہاں ملزمان گیس کٹر کی مدد سے ریلوے لائنیں کاٹ کر چوری کر رہے تھے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا اور موقع سے ریلوے کا قیمتی سامان برآمد کر لیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق برآمد ہونے والا ریلوے میٹریل کروڑوں روپے مالیت کا ہے، جسے غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا،ریلوے کی قیمتی پٹریوں کی چوری ناکام بنانے پر وزیرِ ریلوے نے ایس ایچ او ریلوے پولیس لانڈھی محمد حبیب ظفر اور ان کی ٹیم کو شاندار کارکردگی پر بھرپور داد دی ہے، وزیرِ ریلوے نے ہدایات جاری کیں کہ ریلوے املاک کے تحفظ کے لیے چوری کے خلاف مزید سخت اور مؤثر کارروائیاں کی جائیں۔
ریلوے پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس لانڈھی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ریلوے چوری میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں،یہ کارروائی ایس ایچ او ریلوے پولیس لانڈھی محمد حبیب ظفر کی قیادت میں عمل میں لائی گئی، جسے ریلوے پولیس کی مؤثر حکمتِ عملی اور مستعدی کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

