راولپنڈی کچہری چوک میگا پراجیکٹ کے دوران شہریوں کا بھرپور تعاون قابل تعریف، متبادل راستوں پر ٹریفک روان

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)کچہری چوک میگا پراجیکٹ کے دوران شہریوں نے صبر و تحمل اور تعاون کا مظاہرہ کیا ہے، جسے سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم نے قابل تعریف قرار دیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کچہری چوک میں 3 فلائی اوورز اور 3 انڈر پاسز زیر تعمیر ہیں، جبکہ اس چوک سے روزانہ کی بنیاد پر 2 لاکھ سے زائد گاڑیاں گزرتی ہیں۔

سی ٹی او نے کہا کہ دو لاکھ سے زائد گاڑیوں کو متبادل راستوں پر رواں رکھنا ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم شہریوں کے بھرپور تعاون کی بدولت ٹریفک کو بہترین انداز میں منظم کیا گیا۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس کے 450 سے زائد جوان 24 گھنٹے تعینات ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ کچہری چوک میگا پراجیکٹ کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے اور منصوبے کی تکمیل تک شہریوں کے تعاون سے ٹریفک انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ سی ٹی او فرحان اسلم نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور 25 سے 30 منٹ اضافی وقت کے ساتھ سفر کریں تاکہ سہولت اور روانی برقرار رہے انہوں نے کہا کہ شہریوں کی یہ وقتی پریشانی مستقبل کی آسانی کے لیے ہے اور منصوبے کی تکمیل کے بعد راولپنڈی کے ٹریفک نظام میں واضح بہتری آئے گی۔