کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کو غیر آئینی قرار دینے اور عملدرآمد روکنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

لاہور(بیورو رپورٹ) کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 پر عملدرآمد روکنے اور غیر قانونی قرار دینے کیلئے ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی درخواست شیخ امتیاز محمود نے اپنے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کو آئین کے خلاف منظور کیا گیا ہے درخواست گزار کے مطابق وہ بطور ممبر پنجاب اسمبلی اس معاملے پر پہلے ہی پنجاب اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس بھی جمع کرا چکے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ معمول کے مطابق پتنگ بازی پر پابندی عائد ہے اور یہ ناقابلِ ضمانت جرم ہے جبکہ بسنت کے انعقاد سے شہریوں کو جانی و مالی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے مؤقف کے مطابق گلی محلوں میں پتنگیں اور ڈور بنانے کے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیے جا چکے ہیں، جو عوامی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ چین سمیت دیگر کئی ممالک نے نقصانات کے پیشِ نظر بسنت پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے، اس کے باوجود کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 نافذ کیا جانا عوامی مفاد کے خلاف ہے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کو کالعدم قرار دے جبکہ حتمی فیصلے تک ایکٹ اور اس کے تحت جاری تمام نوٹیفکیشنز پر عملدرآمد روکنے کا حکم بھی دیا جائے۔