اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بلوچستان میں بھارتی پراکسیز سے منسلک خوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جس کے نتیجے میں 41 دہشت گرد واصلِ جہنم ہوئے، اپنے بیان میں وزیر ریلوے نے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے محافظوں پر فخر ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ بھارتی پراکسیز کے آلۂ کار خوارج کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور وطنِ عزیز کے خلاف سرگرم ہر دشمن نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست پاکستان دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی، وفاقی وزیر ریلوے نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے افواجِ پاکستان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔

