کمشنر راولپنڈی نے ڈا ئریکٹر جنرل آر ڈی اے کا اضافی چارج سنبھال لیا

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)کمشنر راولپنڈی، انجینئر عامر خٹک نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ڈائریکٹر جنرل کا اضافی چارج سنبھال لیا ہے، اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے محمد انور باران، ڈائریکٹر ایڈمن آر ڈی اے افتخار علی اور دیگر افسران نے نو تعینات ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کا استقبال کیا، اس سے قبل سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کمشنر راولپنڈی کو بطور ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے اضافی چارج سونپنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

چارج سنبھالنے کے بعد ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے اور دیگر آرڈی اے افسران نے کمشنر راولپنڈی کو آر ڈی اے کے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی، جن میں راولپنڈی رنگ روڈ، نالہ لئی منصوبہ اور دیگر شامل ہیں، کمشنر راولپنڈی نے آر ڈی اے کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ اتھارٹی کو راولپنڈی کی ترقی میں مؤثر، فعال اور تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے، انہوں نے ایمانداری، دیانت داری اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور تمام افسران و ملازمین کو پابندی وقت اور سرکاری اوقات کار کی سختی سے پابندی کرنے کی تاکید کی۔

کمشنر راولپنڈی نے آر ڈی اے افسران کو ہدایت کی کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق فائر سیفٹی کے اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ انہوں نے تمام متعلقہ عمارتوں اور ترقیاتی منصوبوں میں فائر سیفٹی کے معیاری اصولوں کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے پر زور دیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ باقاعدہ معائنہ کریں اور عوامی حفاظت اور وزیر اعلیٰ کی ہدایات کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ عوامی سہولت کے حوالے سے کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ آر ڈی اے کے دفاتر میں فلیکس بینرز آویزاں کیے جائیں جن پر درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار اور فائل کی تکمیل سے متعلق واضح اور جامع معلومات درج ہوں، تاکہ شہری مکمل دستاویزات کے ساتھ درخواستیں جمع کرا سکیں اور پریشانی سے محفوظ رہیں۔