اسلام آباد میں ایف جی ای ایچ اے سیکٹرز 14- Fاور 15-F میں ترقیاتی کام باضابطہ طور پر آغاز کر دیا گیا۔

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے)، جو وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات کا ایک منسلک ادارہ ہے، نے اسلام آباد کے سیکٹرز ایف-14 اور ایف-15 میں ترقیاتی کام باضابطہ طور پر آغاز کر دیا ہے، وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ نے منصوبے کی جگہ پر منعقدہ تقریب میں ترقیاتی کام کا افتتاح کیا اور سیکرٹری ہاؤسنگ و تعمیرات کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد محمود انجم عقیل، اور ملک ابرار احمد کے ساتھ مل کر پودا بھی لگایا۔

معاہدے کے تحت نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (NLC) دونوں سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کو مکمل کرے گی۔ یہ ہاؤسنگ سیکٹرز 2015 میں شروع کیے گئے تھے لیکن مختلف انتظامی اور قانونی مسائل کی وجہ سے تعطل کا شکار رہے، تاہم، رکے ہوئے کاموں کو دوبارہ شروع کرنے کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو اب نئی رفتار سے دوبارہ شروع کیا گیا ہے، سیکٹرز ایف-14 اور ایف-15 میں تقریباً 11,000 رہائشی پلاٹس ہیں جو 10,875 کنال پر محیط ہیں اور اسلام آباد میں بہترین مقام پر واقع ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات نے کہا کہ ایف جی ای ایچ اے کے ہاؤسنگ سیکٹرز آہستہ آہستہ ٹریک پر واپس آ رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متاثرین کو جائز معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ وزیر نے تمام وعدوں کی تکمیل اور منصوبوں کی شفاف، مؤثر اور بروقت تکمیل کے عزم کو دوہرایا، وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی رہنمائی میں حکومت اپنے تمام وعدے پورے کرے گی ۔ انہوں نے ایف جی ای ایچ اے کی قانونی ٹیم کی انتھک کوششوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے تمام قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے میں کردار ادا کیا، وزیر نے تمام الاٹیز سے بھی اپیل کی کہ وہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے اپنی اقساط کی ادائیگی یقینی بنائیں۔

سیکرٹری ہاؤسنگ و تعمیرات، ڈی جی ایف جی ای ایچ اے کیپٹن ریٹائرڈ محمد ظفر اقبال، اور کمانڈر انجینئر NLC بریگیڈیئر محمد سلمان ملک نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ سیکرٹری نے یقین دلایا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے مسائل اور شکایات، جن میں زمین مالکان، الاٹیز، کنٹریکٹرز اور ایف جی ای ایچ اے شامل ہیں، بروقت حل کیے جائیں گے۔