علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سمسٹر بہار 2026 کے داخلوں کی تاریخ لیٹ فیس کے ساتھ 10 مارچ تک بڑھا دی گئی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2026 کے دا خلوں کی لیٹ فیس کے ساتھ تاریخ میں 10 مارچ تک توسیع کر دی ۔یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر سیالکوٹ حسن صفتین نے اپنے دفتر میں ٹیوٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو سہولت فراہم کرنے اور زیادہ سے زیادہ افراد کو تعلیمی مواقع سے مستفید کرنے کےلئے داخلوں کی تاریخ میں توسیع کی گئی تاکہ داخلہ لینے کے خواہشمند طلبہ فوری طور پر اپنے فارم اور فیس جمع کروا کے تعلیمی سفر جاری رکھ سکیں ۔

حسن صفتین کا کہنا تھا کہ اوپن یونیورسٹی فاصلاتی نظامِ تعلیم کے ذریعے اُن افراد کو بھی معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے جو کسی وجہ سے باقاعدہ تعلیمی اداروں میں داخلہ نہیں لے سکتے۔ انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ آفس میں داخلہ فارم جمع کرانے، آن لائن اپلائی کرنے اور پروگرام کے انتخاب کے حوالے سے طلبہ کی مکمل رہنمائی کے لیے خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم ہے۔

ا ن کا کہنا تھا کہ میٹرک، ایف اے، آئی کام، بی ایس، بی ایڈ اور دیگر پروگرامز میں داخلہ لینے کے خواہشمند طلبہ آخری تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں جمع کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ داخلوں سے متعلق معلومات کےلئے ریجنل آفس سے رابطہ کیا جا سکتا ہے جہاں عملہ ہمہ وقت رہنمائی کےلئے موجود ہے۔