لاہور (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے نئے تعینات ہونے والے آئی جی ریلویز فخر سلطان سے ملاقات کی اور انہیں نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی، ملاقات کے دوران وزیر ریلوے نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کو لازمی قرار دیا اور ریلوے پولیس میں ہر تعیناتی اور کام میں میرٹ کو ہر صورت فوقیت دینے پر زور دیا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ہر کیس میں شفافیت اور میرٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری وسائل کی چوری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور چوروں کے خلاف ‘زیرو ٹولرنس’ پالیسی نافذ العمل ہوگی۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ محکمے میں نااہل اور کرپٹ ملازمین کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، مزید برآں، حنیف عباسی نے تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی اور اینٹی انکروچمنٹ سیل کو متحرک کرنے کا حکم دیا تاکہ ریلوے کے اثاثے محفوظ اور موثر انداز میں استعمال ہوں۔

