متنازع ٹویٹ پر نسیم شاہ پر 2 کروڑ جرمانہ، غیر مشروط معافی بھی کام نہ آئی

لاہور (بیورو رپورٹ ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو متنازع ٹویٹ کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا ، پی سی بی کی ڈسپلنری کمیٹی کے مطابق نسیم شاہ نے سینٹرل کنٹریکٹ کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کی، جس پر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آمد پر نسیم شاہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک متنازع پوسٹ شیئر کی گئی تھی، جس میں پروٹوکول پر سوال اٹھایا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی گئی اور دعویٰ کیا گیا کہ اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا۔

بعد ازاں نسیم شاہ نے ایک بیان میں معافی مانگتے ہوئے کہا کہ یہ پوسٹ ان کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے کی گئی تھی اور یہ ان کے ذاتی خیالات کی عکاسی نہیں کرتی۔ انہوں نے اپنے پلیٹ فارم کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے متاثرہ افراد سے معذرت بھی کی پی سی بی نے 27 مارچ 2026 کو نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، جس کے جواب اور وضاحت کا جائزہ لینے کے بعد 30 مارچ کو تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی نے کیس کا فیصلہ سنایا۔ کمیٹی نے غیر مشروط معافی کے باوجود انہیں خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا۔

پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو برطرف کر دیا ہے جبکہ بورڈ نے بھی متعلقہ ایڈوائزر کو بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ مستقبل میں کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ کام نہ کر سکے پی سی بی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ پیشہ ورانہ معیار، معاہدوں کی پاسداری اور کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے گا۔