اسلام آباد(کامرس رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ کھیتوں سے منڈیوں تک زرعی اجناس ، پھلوں اور سبزیوں کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مستقل اور فعال اقدامات اٹھائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ہول سیل فروٹ مارکیٹ کے سرپرست اعلیٰ محمد ارشد چوہدری اور وائس چیئرمین ملک خضر کی قیادت میں آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے ان سے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کی تاکہ تازہ پیداوار کی نقل و حمل اور تقسیم میں درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا جا سکے۔
طاہر ایوب نے اس بات پر زور دیا کہ جاری موسم زرعی شعبے کے لیے انتہائی اہم ہے، کیونکہ زرعی اجناس کی کٹائی کے ساتھ ساتھ پھلوں اور سبزیوں کی وسیع اقسام کی فراہمی بھی جاری ہے اور یہ کہ ایسے مواقع پر سپلائی چین میں خلل کے نتیجے میں منڈیوں میں ان اشیاء کی قلت پیدا ہو سکتی ہے انہوں نے نوٹ کیا کہ پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی کا سلسلہ انتہائی حساس اور باہم جڑا ہوا ہے جس میں کھیت مزدور، کاشتکار، ٹرانسپورٹرز، تھوک فروش اور خوردہ فروش شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اشیاء کی نقل و حرکت میں رکاوٹ نہ صرف کسانوں کی آمدنی کو متاثر کرتی ہے بلکہ پوری ویلیو چین کو بھی متاثر کرتی ہے، جو بالآخر قیمتوں میں اضافے کے ذریعے صارفین پر بوجھ ڈالتی ہے قائم مقام صدر نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں بہتر منصوبہ بندی اور ہم آہنگی کے ذریعے بروقت نقل و حمل اور مارکیٹ تک بلا تعطل رسائی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
وفد نے آئی سی سی آئی کی قیادت کو بتایا کہ نقل و حمل میں حالیہ تاخیر جلد خراب ہونے والی اشیاء کے ظیائع، آپریشنل لاگت میں اضافے، صارفین کے لیے قلت اور قیمتوں میں اضافے کا باعث بنی ہے۔
طاہر ایوب نے متعلقہ حکام بشمول ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مارکیٹ کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل بیٹھ کر ایک مربوط طریقہ کار وضع کریں تاکہ مستقبل میں پھلوں اور سبزیوں سے لدی گاڑیوں کو ترجیحی طور پر گزرنے کا موقع دیا جائے اور اس طرح کی رکاوٹوں سے گریز کیا جا سکے اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران ملک محسن خالد اور ذوالقرنین عباسی کے علاوہ ہول سیل فروٹ منڈی کے نمائندوں سہیل چوہدری، ماجد بٹ، ارسلان چوہدری، چوہدری سفیان کے علاؤہ دیگر بھی موجود تھے.

