غیر قانونی منی ویلیو ٹرانسفر سروسز میں ملوث اشتہاری ملزم گرفتار، ایف آئی اے کی کارروائی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی منی ویلیو ٹرانسفر سروسز میں ملوث اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران ملزم حمزہ فیصل ولد فیصل مشتاق کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا، ملزم ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد میں درج مقدمہ میں نامزد تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش تھا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر غیر قانونی منی ویلیو ٹرانسفر سروسز کے ذریعے شکایت کنندہ کو 56 لاکھ روپے کا مالی نقصان پہنچایا.

ایف آئی اے نے گرفتاری کے بعد ملزم کو عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے تفتیش کے لیے ملزم کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تفتیش کے دوران مزید انکشافات متوقع ہیں۔