اسلام آباد (احسان بخاری /سپیشل رپورٹر ) کسٹمز انفورسمنٹ اسلام آباد نے نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ڈی ایچ اے اسلام آباد میں ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 9 کروڑ روپے مالیت کی تین لگژری گاڑیاں قبضے میں لے لیں ، ذرائع کے مطابق کسٹمز حکام کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ڈی ایچ اے میں واقع فتح جنگ کے تحصیلدار شفقت محمود کی رہائش گاہ پر نان ڈیوٹی پیڈ لگژری گاڑیاں موجود ہیں, اطلاع ملنے پر کسٹمز انفورسمنٹ کی ٹیم نے چھاپہ مار کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران ٹویوٹا لینڈ کروزر V8، ٹویوٹا ایف جے کروزر (FJ Cruiser) اور رینگلر جیپ (Wrangler Jeep) برآمد کر کے تحویل میں لے لی گئیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 90 ملین روپے (9 کروڑ روپے) بتائی جا رہی ہے، ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران متعلقہ نائب تحصیلدار اور دیگر عملہ موقع سے فرار ہو گیا، کسٹمز حکام نے گاڑیوں کو قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ گاڑیوں کی درآمد، رجسٹریشن اور کسٹمز ڈیوٹی سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں کسٹمز انسپکٹرز عمران عارف، علی عباسی، کرسٹوفر وارث، وقار اور فیصل نے حصہ لیا، کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

