پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایلیمینیٹر سے باہر کردیا

لاہور(بیورو رپورٹ ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے پہلے ایلیمینیٹر میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ سے باہر کردیا حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 160 رنز کا ہدف2 وکٹوں کے نقصان پر 16 ویں اوور میں حاصل کر لیا حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے معاذ صداقت نے 33 گیندوں پر 64 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جبکہ وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان نے 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی بدولت 64 رنز کی جارحانہ اننگ کھیل کی فتح میں اہم کردار ادا کیا کنگزمین کے کپتان مارنوس لبوشیانے نے 11 رنز بنائے جبکہ صائم ایوب نے 15 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے سٹیو سمتھ اور محمد اسماعیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے حیدرآباد کنگز مین کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود نے 67 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی، محمد نواز 18، صاحبزادہ فرحان 15 اور سٹیو سمتھ 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

سلطانز کے کپتان آشٹن ٹرنر اور پیٹرل سڈل 9،9 رنز ہی بنا سکے، جوش فلپ 6، فیصل اکرم 4، محمد عمران 2 اور عرفات منہاس ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ محمد اسماعیل ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے محمد علی، حنین شاہ اور عاکف جاوید نے 2،2 کھلاڑیوں کوپویلین بھیجا جبکہ صائم ایوب اور گلین میکسویل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔