اسلام آباد(کامرس رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی قیادت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی “اپنا گھر سکیم (گھر ہو تو اپنا)” کے اجراء کو انتہائی قابل تعریف اقدام قرار دیتے ہوئے اسے تعمیرات اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں کی ترقی کے لیے نمایاں پیش رفت قرار دیا ہے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، جو اس وقت دوطرفہ کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے لیے چین میں ہیں، نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ یہ سکیم عام شہری کے لیے گھر کی ملکیت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کی عکاس ہے جو متعدد متعلقہ شعبوں میں اقتصادی سرگرمیوں کو بھی متحرک کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور مجموعی طور پر معیشت کو تقویت ملے گی۔
یاد رہے کہ آئی سی سی آئی کے ایک وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ اس اسکیم کی لانچنگ میں شرکت کی جس میں قائم مقام صدر طاہر ایوب، نائب صدر عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبر ذوالقرنین عباسی، چیئرمین آئی سی سی آئی رئیل اسٹیٹ کمیٹی اور سیکرٹری انفارمیشن اسلام آباد ریئل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن اسرار الحق مشوانی شامل تھے تقریب سے قبل وفد نے وزیراعظم سے ملاقات بھی کی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود جو کہ وزیر اعظم کی ٹاسک فورس آن ریئل اسٹیٹ کے رکن بھی ہیں اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو درپیش کلیدی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پالیسی سازی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی قیادت اور وژن کے تحت، آئی سی سی آئی کے وفد نے اس اہم ملاقات میں مسائل کو اجاگر کیا اور پائیدار سیکٹرل ترقی کو یقینی بنانے کے لیے عملی حل تجویز کیے ، خاص طور پر ایف اے آر چارجز کہ جنہوں نے دارالحکومت میں تعمیرات کو روک دیا ہے، سی ڈی اے ریونیو کو نقصان پہنچا یا ہے، تبدیلی کی حوصلہ شکنی کی ھے اور عمودی ترقی اور شہر کی اسکائی لائن کو بھی متاثر کیا ہے۔
میٹنگ کے دوران، قائم مقام صدر طاہر ایوب نے اسلام آباد میں فلور ایریا ریشو (FAR) اور ٹیکس کے مسائل، خاص طور پر سیکشن 7E بارے اظہار خیال کیا۔ وزیراعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں سیکشن 7 ای کے تحت ٹیکس کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر ٹیکسوں بالخصوص سیکشن 236K اور 236C میں ریلیف دینے پر غور کر رہی ہے سردار طاہر محمود نے اپنے بیان میں ان اقدامات کو کاروباری برادری اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے انتہائی حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے میں مدد ملے گی انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی سی سی آئی ان حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھے گا کہ جن کا مقصد اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری اور ہاؤسنگ کی ترقی کو فروغ دینا ہے اور کاروباری برادری کے خدشات کو مؤثر طریقے سے دور کرنا ہے.

