ایف آئی اے کی انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے خلاف بڑی کارروائیاں، متعدد مقدمات درج، ملزمان گرفتار

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد مقدمات درج اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ملزمان اسد امتیاز اور ماہد اشرف نے شہری عبداللہ خان کو آذربائیجان کے ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 5 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیا لیے۔ بعد ازاں نہ ویزا فراہم کیا گیا اور نہ ہی رقم واپس کی گئی بلکہ متاثرہ شہری کو جعلی ایجوکیشن ویزا دے کر دھوکہ دیا گیا۔ ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف امیگریشن آرڈیننس 1979 اور تعزیرات پاکستان کی دفعات 420 اور 109 کے تحت تفتیش شروع کر دی ہے ایک اور کارروائی میں ملزم ناصر محمود نے شہری محمد راسخ سے اس کے رشتہ داروں کو پرتگال بھجوانے کے نام پر 6 لاکھ روپے وصول کیے، تاہم نہ ویزا فراہم کیا گیا اور نہ رقم واپس کی گئی۔ اس پر ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

اسی طرح ایک بڑی کارروائی میں ایف آئی اے نے بہاولنگر سے انسانی اسمگلر عمران سرور کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے شہری سے امریکہ اور سعودی عرب بھجوانے کے نام پر 27 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔ اس کے خلاف بھی مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ایف آئی اے حکام کے مطابق تمام کیسز میں ملوث دیگر عناصر کی نشاندہی جاری ہے اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔