راولپنڈی (کامرس رپورٹر)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں رکنِ اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری، سابق قومی سلامتی مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ، عبداللہ حمید گل چیئرمین تحریک جوانان پاکستان، ایئر مارشل (ر) عامر مسعود اور سی ای او عمر رواں فاؤنڈیشن نے شرکت کی۔
تقریب میں شہداء کے اہل خانہ، جن میں میجر عدنان شہید کے اہل خانہ بھی شامل تھے، نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی صدر چیمبر عثمان شوکت نے کی، جبکہ گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، نائب صدر فہد برلاس، سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، انجمن تاجران کے نمائندے اور چیمبر ممبران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا مقررین نے کہا کہ معرکہ حق ایک اہم لمحہ تھا جس کے بعد نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ وسیع تر علاقائی اسٹریٹجک صورتحال میں پاکستان کی فوجی اور سفارتی طاقت نمایاں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اب کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں پوری قوم اور مسلح افواج نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کردار ادا کیا۔ تمام سویلین اور عسکری قیادت مبارکباد کی مستحق ہے، اور وقت آ گیا ہے کہ ان کامیابیوں کو معاشی ترقی میں بدلا جائے تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

