گلگت بلتستان انتخابات، انتخابی مہم آج رات اختتام پذیر، سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں عروج پر

اسکردو (بیورو رپورٹ) گلگت بلتستان میں 7 جون کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے انتخابی مہم آج رات 12 بجے اختتام پذیر ہو جائے گی، جس کے پیش نظر مختلف سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں، حلقہ جی بی اے 1 میں پاکستان پیپلز پارٹی آج آغا خان شاہی پولو گراؤنڈ میں بڑا انتخابی جلسہ منعقد کرے گی۔ جلسے سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

دوسری جانب حلقہ جی بی اے 10 اسکردو سب ڈویژن روندو میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا انتخابی جلسہ منعقد ہوگا۔ جلسے سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیر امیر مقام کے خطاب کی توقع ہے، ادھر استحکامِ پاکستان پارٹی بھی انتخابی میدان میں متحرک ہے۔ پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر راجہ جلال حسین کی قیادت میں ایک ریلی نکالی جائے گی، جس کے بعد وہ انتخابی جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔

انتخابی مہم کے آخری روز مختلف سیاسی جماعتیں ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں، جبکہ رات 12 بجے کے بعد انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت تمام انتخابی سرگرمیاں بند ہو جائیں گی۔