cigrette mafia babar taj capitalnewspoint.com

مظفرآباد میں مبینہ جعلی سگریٹ فیکٹری پر چھاپہ مافیا کا سرغنہ بابر تاج گرفتار

مظفرآباد (بیورو رپورٹ) مظفرآباد میں قانون نافذ کرنے والے اور سیکیورٹی اداروں نے مبینہ جعلی سگریٹ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا، جہاں سے اہم گرفتاریاں اور قابلِ ذکر برآمدگیاں سامنے آئی ہیں، ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران مبینہ جعلی سگریٹ نیٹ ورک کے سرغنہ بابر تاج کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی کے مبینہ سہولت کار کے طور پر بھی ان کا نام سامنے آیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکشن کمیٹی کی کور کمیٹی کے ارکان انجم زمان، راجہ صہیب سمیت متعدد افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں آتشیں اسلحہ، واکی ٹاکیز اور دیگر ممنوعہ سامان برآمد ہوا، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی اور تحقیقاتی اداروں نے مبینہ جعلی سگریٹ نیٹ ورک اور اس کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے مزید شواہد اکٹھے کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائی اہم شواہد اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔ ذرائع کے مطابق گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے اور دورانِ تفتیش اہم انکشافات متوقع ہیں، جبکہ مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ادھر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اسلحہ اور مواصلاتی آلات کی مبینہ برآمدگی نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ مالی معاونت، نیٹ ورک کے دیگر کرداروں اور ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش کے لیے تحقیقات کا دائرہ مزید بڑھا دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق مظفرآباد میں جعلی سگریٹ کے کاروبار کے خلاف یہ حالیہ کارروائی ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، جبکہ تحقیقات میں مزید اہم انکشافات سامنے آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔