کسی بھی ملک کو بمباری یا فضائی طاقت سے ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا. ایرانی صدر مسعود پزشکیان

تہران (ویب ڈیسک ) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کو طیاروں اور بمباری کے ذریعے ہتھیار ڈالنے یا سرینڈر کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا، اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو خطے میں موجود “نہ جنگ، نہ امن” کی صورتحال سے آگے بڑھنا چاہیے، تاہم جنگ یقینی طور پر ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ایران کی عزت، سرزمین اور سرحدوں کی خلاف ورزی کرے گا تو ایرانی قوم ہرگز ہتھیار نہیں ڈالے گی۔ ان کے بقول ایرانی کمانڈروں کی شہادت ناقابل قبول ہے اور اس پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔

ایرانی صدر نے غزہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ محدود رقبے کے باوجود غزہ تین سال گزرنے کے بعد بھی ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں ہوا، اس لیے امریکا اور اسرائیل بھی ایران کو سرینڈر کرنے پر مجبور نہیں کر سکتے، مسعود پزشکیان کا مزید کہنا تھا کہ صرف فضائی طاقت اور بمباری کے ذریعے کسی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا ناممکن ہے، کیونکہ قوموں کے عزم اور مزاحمت کو طاقت کے زور پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔