مظفرآباد (بیورو رپورٹ) حکومت آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ داخلہ کے 9 جون کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کی روشنی میں شوکت نواز میر کے خلاف بغاوت کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 124-A کے تحت درج کیا گیا، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ شوکت نواز میر نے اپنی تقاریر، تحریروں اور الیکٹرانک مواصلات کے ذریعے بغاوت پر اکسانے کی کوشش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت ایس ایس پی مظفرآباد کو معاملے کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، جس کے بعد پولیس نے ضابطہ فوجداری کے مطابق قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقدمے کے اندراج کے بعد تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ شوکت نواز میر کے خلاف عائد کیے گئے الزامات مزید تحقیقات کے متقاضی ہیں، جن کی روشنی میں حقائق کا تعین کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد تفتیشی رپورٹ اور چالان متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ کیس میں آئندہ پیش رفت بھی تفتیشی نتائج اور قانونی کارروائی کے مطابق ہوگی، پولیس اور متعلقہ حکام نے اس معاملے پر مزید تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ وسیع رکھا گیا ہے تاکہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

