یاور حسین نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کا چارج سنبھال لیا، کھیلوں کے فروغ کا عزم

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) یاور حسین نے پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا، وفاقی حکومت کی جانب سے ان کی بطور ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی ،عہدہ سنبھالنے کے بعد یاور حسین نے ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

یاور حسین نے اعلان کیا کہ کھلاڑیوں، کوچز اور قومی سپورٹس فیڈریشنز کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ کھیلوں کی ترقی کے عمل کو تیز کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایتھلیٹس کو عالمی معیار کی تربیت، جدید سہولیات اور بین الاقوامی سطح پر مقابلوں میں شرکت کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی سپورٹس فیڈریشنز اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دیا جائے گا تاکہ ملک میں کھیلوں کے ڈھانچے کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔

نئے ڈائریکٹر جنرل نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کاوشوں سے پاکستان کھیلوں کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گا اور قومی کھلاڑی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔