صدر زرداری کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب، وفاقی بجٹ 2026-27 آج پیش ہوگا

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں، قومی اسمبلی اور سینیٹ، کے اجلاس 10 جون کو طلب کر لیے گئے ہیں، سرکاری ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔ اجلاسوں کا بنیادی مقصد وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2026-27 کی پیشی اور اس سے متعلق آئینی کارروائی کا آغاز ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ 2026-27 پیش کریں گے، جس میں آئندہ مالی سال کے لیے حکومت کی معاشی حکمت عملی، محصولات کے اہداف، ترقیاتی منصوبوں اور اخراجات کی تفصیلات شامل ہوں گی، پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان کو بجٹ دستاویزات فراہم کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس میں بجٹ اجلاس کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

حکومتی اور اپوزیشن حلقوں کی نظریں بجٹ 2026-27 پر مرکوز ہیں، جس سے ملک کی اقتصادی سمت اور مالیاتی پالیسیوں کے حوالے سے اہم اشارے ملنے کی توقع ہے، وفاقی بجٹ کی پیشی کے ساتھ ہی اس کی منظوری کے آئینی عمل کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا، جس کے تحت بجٹ تجاویز پر پارلیمان میں بحث، سفارشات اور منظوری کی کارروائی مکمل کی جائے گی۔