مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی نمازِ جنازہ ادا، فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں کو روانگی

مظفرآباد (بیورو رپورٹ) گزشتہ روز مظفرآباد میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، شہداء کی نمازِ جنازہ مظفرآباد میں ادا کی گئی، جس میں قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر، وزیراعظم آزاد کشمیر، کور کمانڈر راولپنڈی، اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، جبکہ شرکاء نے وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی ان عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

بعد ازاں شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا،پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی وطن کے لیے خدمات اور قربانیوں کو قوم ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور شہداء کی یہ قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔