مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آ زاد کشمیر میں آئندہ عام انتخابات کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت میں محدود توسیع پر غور کیا جا رہا ہے، ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن میں اس حوالے سے مشاورت جاری ہے، تاہم تاحال باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔
موجودہ انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 19 جون شام 4 بجے مقرر ہے، سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے انتظامی اور عملی مشکلات کی نشاندہی کے بعد مدت میں توسیع کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر محدود توسیع کے باوجود مجموعی انتخابی شیڈول متاثر ہونے کا امکان کم ہے، اور انتخابات مقررہ وقت پر کرانے پر غور جاری ہے، انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 20 جون کو ہوگی، جبکہ اعتراضات اور اپیلوں کے لیے 21 سے 24 جون تک کا وقت مقرر ہے، اپیلوں کی سماعت 26 اور 27 جون کو کی جائے گی، جبکہ حتمی فیصلے 28 جون کو سنائے جائیں گے۔
امیدوار 30 جون دوپہر 2 بجے تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، اور حتمی فہرست یکم جولائی کو جاری کی جائے گی ، انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 2 جولائی کو ہوگی، ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں پولنگ 27 جولائی کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن آئینی تقاضوں کے مطابق انتخابات کو مقررہ وقت پر شفاف اور منظم انداز میں منعقد کرنے کے لیے سرگرم ہے۔

