اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) گرین انکلیو-I کے معزز الاٹیز کے ایک وفد نے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA)، کیپٹن (ر) ظفر اقبال سے ملاقات کی ،ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوئی جس میں گرین انکلیو-I سے متعلق مختلف امور، جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور الاٹیز کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل FGEHA نے وفد کے تحفظات اور تجاویز کو نہایت توجہ اور سنجیدگی سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ الاٹیز کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا, انہوں نے کہا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی اپنے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیاری ترقیاتی کاموں کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور گرین انکلیو-I ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
ملاقات میں ڈائریکٹر ٹیکنیکل، ڈائریکٹر جوائنٹ وینچر، متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر ایڈمن اور گرین انکلیو-I کا تکنیکی عملہ بھی موجود تھا, اس موقع پر منصوبے کی موجودہ پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ہاؤسنگ اتھارٹی منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز رفتار بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور ادارہ اس امر کے لیے پُرعزم ہے کہ الاٹیز کو جلد از جلد مثبت پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ دو ماہ کے دوران منصوبے کے حوالے سے اہم اور خوش آئند پیش رفت متوقع ہے، جس سے گرین انکلیو-I کی تکمیل اور آبادکاری کے عمل کو مزید تقویت ملے گی، وفد نے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی، کھلے دل سے گفتگو اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے عزم کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارے کی کاوشوں کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (FGEHA )نے وفد کو یقین دلایا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی اپنے الاٹیز کے اعتماد کو اپنی سب سے بڑی ذمہ داری سمجھتی ہے اور ان کے مفادات کے تحفظ، معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

