اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) اسلام آباد میں امام بارگاہوں ، مجالس اور جلوسوں کے مقامات کی ڈرونز سے ڈیجیٹل نگرانی کی جائے گی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و دیگر انتظامات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، وزیر داخلہ کی جانب سے مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے 4 درجاتی حصار اور داخلی و خارجی راستوں پرسخت چیکنگ کا حکم دیا گیا اور کہا گیا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے علمائے کرام سے قریبی رابطہ رکھا جائے۔
دارالحکومت کی تاریخ میں پہلی بار خصوصی ایپ محفوظ محرم تیار کی گئی ہے، ایپ کے ذریعے شہری مشتبہ شخص ، مشکوک سرگرمی یا نامکمل حفاظتی انتظامات کی اطلاع دے سکیں گے، شہریوں کو لائیو لوکیشن اور امیج شیئرنگ کی سہولت بھی میسر ہو گی، اس کے علاوہ سیف سٹی میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔

