اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ) آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے دونوں گروپو ں کے عہدیداران نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عوام کو پٹرولیم مصنوعات میں خصوصی ریلیف دینے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے موجودہ ریلیف سے نہ صرف پبلک ٹرانسپورٹ کےکرایوں میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ مہنگائی بھی کم ہوگی ، انھوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پٹرول کی یک دم قیمتیں گرنے سے حکومت جتنا عوام کو ریلیف دے سکتی ہے .
عہدیداران وائس چیئرمین راجہ وسیم کیانی اور دوسرے گروپ سے نعمان علی بٹ اور دیگر نے امید ظاہر کی کہ عوامی حکومت عوام کو مزید ریلیف دینے کیلئے اقدامات کرے گی ، راجہ وسیم کیانی نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی ایک اہم اور بروقت فیصلہ ہے، جس سے نہ صرف عوام کو براہِ راست ریلیف ملے گا .
بلکہ پٹرول پمپ مالکان اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ شعبے بھی مستفید ہوں گے، انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات کم ہوں گے اور مہنگائی میں کمی لانے میں مدد ملے گی، ان کا کہنا تھا کہ ایندھن سستا ہونے سے مختلف شعبوں میں پیداواری لاگت کم ہوگی جس کے مثبت اثرات معیشت پر مرتب ہوں گے۔
وائس چیئرمین آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئندہ بھی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کرتی رہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
راجہ وسیم کیانی نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے مثبت نتائج آنے والے دنوں میں واضح طور پر سامنے آئیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس فیصلے سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی آئے گی اور معاشی سرگرمیوں میں مزید بہتری پیدا ہوگی۔

