قانون ہاتھ میں لینے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی. سرفراز بگٹی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے اور تشدد کو فروغ دینے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں، بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے جاری اپنے بیان میں میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ شہید شبیر بلوچ نے دورانِ ڈیوٹی جان کا نذرانہ پیش کیا اور ریاست ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ دو سالہ قانونی جدوجہد کے بعد شہید شبیر بلوچ کے قتل کیس میں انصاف کی فراہمی قانون کی بالادستی کا مظہر ہے، وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے نے ثابت کر دیا کہ قانون ہاتھ میں لینے اور تشدد کو فروغ دینے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں، میر سرفراز بگٹی کے مزید کہا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور امن کے دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔