مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آ زاد کشمیر کے داخلی راستوں کی بندش سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں اور پروپیگنڈے کی حقیقت سامنے آ گئی ہے، جبکہ زمینی حقائق کے مطابق آزاد کشمیر اور پاکستان کے درمیان تمام داخلی و خارجی راستے مکمل طور پر فعال ہیں اور عوامی و تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق مانسہرہ کے علاقے برارکوٹ میں قائم پولیس چوکی پر آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے عوام کی بلا روک ٹوک آمدورفت دیکھی جا سکتی ہے، چوکی انچارج کا کہنا ہے کہ معمول کے مطابق ضروری دستاویزی اور سیکیورٹی چیکنگ کے بعد دونوں اطراف کے شہریوں کو نقل و حرکت کی مکمل آزادی حاصل ہے،انہوں نے بتایا کہ مال بردار گاڑیاں بھی حسب معمول اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل میں مصروف ہیں اور سپلائی چین میں کسی قسم کی رکاوٹ موجود نہیں۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر قریشی نے واضح کیا ہے کہ مظفرآباد میں اشیائے خورونوش کی نہ کوئی کمی ہے اور نہ ہی ان کی ترسیل میں کسی قسم کی دشواری پیش آ رہی ہے، ان کے مطابق شہریوں کو ضروری اشیاء کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے، ایس ایس پی مظفرآباد ریاض مغل نے بھی اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ داخلی راستوں پر تعینات پولیس نفری صرف معمول کی سیکیورٹی چیکنگ کے فرائض انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام یا گاڑیوں کی آمدورفت پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی اور تمام راستے کھلے ہیں، اس موقع پر ڈرائیورز اور اشیائے خورونوش کی ترسیل سے وابستہ تاجروں نے بھی سپلائی کی بلاتعطل آمدورفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زمینی حقائق اور دستیاب ویڈیوز سے واضح ہوتا ہے کہ آزاد کشمیر کے راستوں کی بندش سے متعلق کیے جانے والے دعوے درست نہیں اور عوامی و تجارتی نقل و حرکت معمول کے مطابق جاری ہے۔

