اسلام آباد ائیرپورٹ پر بڑا ایکشن، تین مسافر آف لوڈ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی ایک مبینہ کوشش ناکام بنا دی اور تین مسافروں کو آف لوڈ کر دیا، ایف آئی اے کے مطابق تینوں مسافر گلف ایئر کی پرواز GF-771 کے ذریعے قبرص روانہ ہو رہے تھے، امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشتبہ سرگرمی کی بنیاد پر یاسر علی، عدیل احمد اور عدنان احمد کو سیکنڈری پروفائلنگ کے لیے روک لیا گیا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ایک مسافر نے مبینہ طور پر غیر قانونی امیگریشن کلیئرنس، پروٹیکٹر اسٹیمپ اور سفری انتظامات کے لیے ایجنٹ کو بھاری رقم ادا کی تھی، مزید جانچ کے دوران اس کے موبائل فون سے متعدد افراد کی مشتبہ سفری دستاویزات اور یورپ اسمگلنگ نیٹ ورک سے متعلق اہم شواہد بھی برآمد ہوئے۔

ایف آئی اے کے مطابق ایک دوسرے مسافر کا موبائل فون مکمل طور پر ڈیٹا وائپ پایا گیا، جس سے شواہد مٹانے کے شبے کو مزید تقویت ملی، بروقت کارروائی کے نتیجے میں تینوں مسافروں کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔