اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑا انکشاف، جعلی امیگریشن اسٹیمپ کا راز فاش، ترکی جانے والا مسافر آف لوڈ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی پاکستانی امیگریشن اسٹیمپ کی بنیاد پر ایک مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔

ایف آئی اے کے مطابق مسافر عتیق اللہ ترکش ایئرلائنز کی پرواز TK-751 کے ذریعے ترکی جا رہا تھا۔ دورانِ امیگریشن کلیئرنس اسے مشکوک قرار دیتے ہوئے سیکنڈری پروفائلنگ کے لیے روکا گیا۔

دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافر کے افغان پاسپورٹ پر موجود پاکستانی امیگریشن اسٹیمپ جعلی تھا، اس پر امیگریشن حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔

ایف آئی اے نے مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) اسلام آباد کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔