مذہبی پروگرام پر اعتراض، جیو نیوز کا لائسنس معطل

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کا نشریاتی لائسنس 15 روز کے لیے معطل کرنے کا حکم جاری کر دیا.

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیمرا مانیٹرنگ ونگ نے 26 جون 2026 کو نشر ہونے والے محرم الحرام کی خصوصی ٹرانسمیشن “سفرِ عشق” کا جائزہ لیا، جس میں مذہبی نوعیت کی بصری نمائندگی (Religious Visualization) نشر کیے جانے پر اعتراض اٹھایا گیا، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ مواد مذہبی، ثقافتی اور سماجی حساسیت کے تناظر میں عوام کے مذہبی جذبات مجروح کرنے، مذہبی ہم آہنگی کو متاثر کرنے اور امن و امان کی صورتحال پر منفی اثرات مرتب کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔

پیمرا کے مطابق چینل انتظامیہ اور اس کی ان ہاؤس مانیٹرنگ کمیٹی مذہبی مواد نشر کرتے وقت مطلوبہ احتیاط، ادارتی نگرانی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث یہ نشریات پیمرا آرڈیننس 2002، پیمرا رولز 2009، ٹیلی ویژن براڈکاسٹ اسٹیشن آپریشنز ریگولیشنز 2012 اور الیکٹرانک میڈیا ضابطۂ اخلاق 2015 کی مختلف شقوں سے متصادم قرار دی گئیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 30 کے تحت جیو نیوز کا لائسنس فوری طور پر 15 دن کے لیے معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے، واضح رہے کہ یہ کارروائی محرم الحرام کے دوران مذہبی پروگراموں کی نشریات سے متعلق پیمرا کی ہدایات کی خلاف ورزی کے تناظر میں کی گئی ہے.