اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک ایجنٹ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا ہے، گرفتار ملزم کے خلاف ایف آئی آر کے تحت امیگریشن آرڈیننس 1979 اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے متاثرین کو پرتگال کے ورک ویزا پر بھجوانے کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 86 لاکھ روپے وصول کیے، ملزم مبینہ طور پر شہریوں کو بیرونِ ملک روزگار کے پرکشش مواقع کا لالچ دے کر رقم بٹورتا رہا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر سہولت کاروں اور ممکنہ متاثرین کا سراغ لگایا جا سکے، حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔

