اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کے ایک یوٹیوب انٹرویو میں دیے گئے بیانات پر سیاسی اور عوامی حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے ، انٹرویو کے دوران نورین نیازی نے معرکۂ حق، پاک فوج اور بھارت سے متعلق متعدد متنازعہ دعوے کیے جن میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ معرکۂ حق افواجِ پاکستان اور بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے درمیان گٹھ جوڑ کا نتیجہ تھا۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بھارت نے اسرائیل کے کہنے پر پاکستان پر حملہ نہیں کیا کیوں کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے جا رہا تھا، اِس پر ردعمل دیتے ہوئے ماہرین کا کہنا تھا کہ بانی کی بہن نے یہ بیان دے کر ذاتی مفادات کے لیے سرخ لائن عبور کی ہے، دوسری جانب بعض سیاسی تجزیہ کاروں اور ناقدین نے نورین نیازی کے بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات قومی بیانیے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور بھارتی میڈیا یا پاکستان مخالف بیانیوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
علاوہ ازیں ماہرین کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ یہ مذموم بیان پی ٹی آئی کے نام نہاد بیانیے کہ یہ فوج ہماری ہے اور ان کے لیڈر کی بھی یہی سوچ ہے کی اصلیت کی عکاسی کرتا ہے،مزید برآں نورین نیازی یا پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے ان ردِعمل پر کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔

