سندھ حکومت کا سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈے کے خلاف خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) سندھ حکومت نے سوشل میڈیا پر منفی اور گمراہ کن پروپیگنڈے کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اہم اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈی جی انفارمیشن معز پیرزادہ، ڈائریکٹرز محمد یوسف کابورو، حزب اللہ میمن اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں سوشل میڈیا پر گمراہ کن معلومات، منفی پروپیگنڈے اور ملکی مفادات کے خلاف مہمات کا مؤثر تدارک کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بعض عناصر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ملک اور قومی مفادات کے خلاف گمراہ کن معلومات پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے صوبائی سطح پر خصوصی سیل کے قیام کی خواہاں ہے تاکہ گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کی مؤثر نگرانی اور محاسبہ یقینی بنایا جا سکے، سینئر وزیر نے کہا کہ اظہارِ رائے کی آزادی ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم آزادیِ اظہار کی آڑ میں جھوٹے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کا بروقت اور مؤثر تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے، سندھ حکومت قومی مفادات کے تحفظ اور درست معلومات کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔