اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا چوتھا اجلاس ہوا، جس میں مون سون 2026 کے دوران ادارہ جاتی تیاریوں اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
وفاقی وزیر آبی وسائل میاں معین وٹو، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، وفاقی وزارتوں اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان بھی اجلاس میں شریک ہوئے ، چیئرمین این ڈی ایم اے نے کمیٹی کو مون سون تیاریوں کے حوالے سے فیلڈ دوروں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تمام صوبائی محکموں کے ساتھ رابطوں کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کاموں میں تاخیر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے قومی سطح پر مکمل طور پر متحرک ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ، اجلاس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے مون سون کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیاریوں، ہنگامی منصوبہ بندی اور ریسکیو وسائل کی دستیابی پر بریفنگ دی۔
کمیٹی نے عوامی آگاہی مہم، امدادی سامان کی بروقت فراہمی، انخلا کے منصوبوں، بین الادارہ جاتی تعاون، سڑکوں کی بحالی، بجلی کی فراہمی، ڈیموں کے انتظام اور آبی صورتحال کی نگرانی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا ، ایمرجنسی رسپانس کمیٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو مون سون سیزن کے دوران مکمل تیاری برقرار رکھنے، مواصلاتی نظام فعال رکھنے، حساس آبادی اور اہم انفراسٹرکچر کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے بروقت فیصلوں اور وسائل کی فوری فراہمی کے لیے تمام اداروں کے درمیان مؤثر اور مربوط رابطے کی ضرورت پر زور دیا ، اجلاس میں مون سون 2026 کے دوران انسانی جانوں، روزگار اور قومی انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے قومی سطح پر مربوط اور مؤثر ردعمل تشکیل دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

