اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں سے ملک بھر میں ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی، ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات کا سلسلہ جاری ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 11 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 26 جون سے اب تک مجموعی طور پر 97 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 297 افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 43 بچے، 33 مرد اور 21 خواتین شامل ہیں ، رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 52، پنجاب میں 29، آزاد کشمیر میں 7، بلوچستان میں 6، سندھ میں 2 جبکہ گلگت بلتستان میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث پنجاب میں 203، خیبرپختونخوا میں 75، بلوچستان میں 15 جبکہ آزاد کشمیر اور سندھ میں 2،2 افراد زخمی ہوئے ، مون سون بارشوں سے اب تک 447 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 269 مویشی سیلابی صورتحال کی نذر ہو گئے، بارشوں کے باعث 6 پلوں اور 9 کلومیٹر سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

