لاہور (بیورو رپورٹ) پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے درکار فنڈز وفاقی حکومت سے لینے کا فیصلہ کر لیا ہے ، ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے اخراجات الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کرے گی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم کے بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے فنڈز وفاقی حکومت جاری کر سکتی ہے۔
آئین کے آرٹیکل 81 میں ترمیم کے بعد قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں، سینیٹ اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے درکار رقوم کو وفاقی کنسولیڈیٹڈ فنڈ پر چارجڈ اخراجات میں شامل کیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے انتخابی اخراجات آئینی تحفظ کے ساتھ وفاقی خزانے سے ادا کیے جا سکتے ہیں جبکہ ان اخراجات کے لیے ہر سال عام بجٹ سے الگ منظوری بھی ضروری نہیں۔
الیکشن کمیشن براہ راست بھی وفاقی حکومت سے بلدیاتی انتخابات کے لیے فنڈز طلب کر سکتا ہے ، ذرائع نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں 540 ارب روپے وفاق کو سرینڈر کیے جبکہ محکمہ بلدیات نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے 12 ارب روپے کی ڈیمانڈ کی تھی۔

