ٹیکسلا میں 13 لاکھ فالوورز رکھنے والی ٹک ٹاکر شمسو بی بی قتل، کمسن بہن شدید زخمی

راولپنڈی(سپیشل رپورٹر)تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں 13 لاکھ فالوورز رکھنے والی اٹھائیس سالہ ٹک ٹاکرشمسوبی بی عرف عائشہ کوگھر سے باہربلاکرفائرنگ کرکے قتل جبکہ انکی چھوٹی بہن کوشدید ذخمی کردیاگیاہے ، مسلح موٹرسائیکل سوارحملہ آور واردات کے بعدموقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس نے مقتولہ کے والدفضل کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیالیکن ملزمان کاسردست کوئی سراغ نہیں لگایاجاسکا ، ایف آئی آر کے مطابق 14 اگست کی شام مقتولہ 28 سالہ شمسو بی بی عرف عائشہ اپنی بہن 15 سالہ اسمیہ بی بی اور بھائی نعمت اللہ کے ہمراہ گاڑی میں گھر سے نکلی تھی کہ راستے میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے مبینہ فائرنگ کردی ، گولیاں لگنے سے ٹک ٹاکرلڑکی شدید زخمی ہوئی جبکہ فائرنگ کے دوران گاڑی بے قابو ہوکر حادثے کا شکار ہوگئی۔

مقتولہ گاڑی میں ہی دم توڑ گئی جبکہ اسکی چھوٹی بہن شدید زخمی ہوئی جسے طبی امداد کے لیے اسلام آباد کے پمز ہسپتال منتقل کردیا گیاہے ، مقتولہ کے والد فضل نے تھانہ ٹیکسلا پولیس کومقدمہ درج کراتے ہوئے مذیدبتایاکہ انکی بیٹی پچھلے تین چار سال سے ٹک ٹاک پر سرگرم تھی اور اسکے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر تقریباً 13 لاکھ فالوورز تھے۔مدعی مقدمہ کے مطابق مقتولہ کا کوثر اور جاوید عرف شاہین نامی افراد کے ساتھ رقم کا لین دین تھا اور رقم کی واپسی کے مطالبے پر اسےمبینہ قتل کی دھمکیاں بھی دی جارہی تھیں ۔

وقوعہ سے قبل کاشی نامی شخص نے ان کی بیٹی کوفون کرکے گھر سے باہر بلوایا ، جس کے بعد راستے میں موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔پولیس نے ایف آئی آر میں سامنے آنے والے ناموں اور مدعی کے الزامات کو بھی تفتیش کا حصہ بنا لیا ہے ، پولیس نے مقتولہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی ہے۔