اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں گمراہ کن تشہیر، جھوٹے دعوؤں، پوشیدہ چارجز اور منصوبوں کی منظوری سے متعلق غلط بیانی سمیت کمپیٹیشن مسائل پر 27 اگست کو اسلام آباد میں کھلی سماعت کرے گا۔
سی سی پی نے صارفین، سرمایہ کاروں، ڈویلپرز، بلڈرز، ریئل اسٹیٹ پروفیشنلز، کاروباری تنظیموں اور دیگر متعلقہ فریقین کو دعوت دی ہے کہ وہ اپنے تجربات، شکایات اور تجاویز براہِ راست کمیشن کے سامنے پیش کریں۔ سماعت کا انعقاد ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں گمراہ کن اور غیر مسابقتی کاروباری طریقوں سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔
کمیشن کے مطابق منصوبوں کی منظوری، سہولیات، قیمتوں اور دیگر اہم معلومات سے متعلق غلط یا گمراہ کن دعوے سرمایہ کاری کے فیصلوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔ کمپیٹیشن ایکٹ 2010 کا سیکشن 10 جھوٹی یا گمراہ کن معلومات کے ذریعے صارفین کو متاثر کرنے والے کاروباری طریقوں کی ممانعت کرتا ہے۔
سی سی پی اس شعبے میں متعدد انکوائریاں اور انفورسمنٹ کارروائیاں کر چکا ہے، تاہم وسیع تر مسائل کو سمجھنے کے لیے صارفین اور کاروباری برادری کا مؤقف براہِ راست سننا ضروری سمجھتا ہے۔ کھلی سماعت میں سامنے آنے والے مسائل اور تجاویز کو ریکارڈ کرکے کمیشن اپنی رائے اور سفارشات مرتب کرتے وقت زیر غور لائے گا۔
کھلی سماعت جمعرات، 27 اگست، شام 4 سے 6 بجے تک، سی سی پی، نویں منزل، آئی ایس ای ٹاورز، جناح ایونیو، اسلام آباد میں ہوگی ، رجسٹریشن کی آخری تاریخ 25 اگست ہے ، خواہشمند افراد [email protected] یا 051-9100260 (ایکسٹینشن 334 یا 273) پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

